1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

یوکرین میں فرانسیسی دستے روسی فوج کا جائز ہدف ہوں گے، ماسکو

8 مئی 2024

روس نے فرانس کو تنبیہ کی ہے کہ وہ روسی یوکرینی جنگ میں اپنے فوجی یوکرین نہ بھیجے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اگر صدر ماکروں نے ملکی فوجیوں کی یوکرین میں تعیناتی کا فیصلہ کیا، تو وہ روسی فوج کا ’جائز ہدف‘ ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/4fdO8
فرانسیسی صدر ماکروں، دائیں، اور روسی صدر پو‌ٹن
فرانسیسی صدر ماکروں، دائیں، اور روسی صدر پو‌ٹنتصویر: AFP

ماسکو سے بدھ آٹھ مئی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی طرف سے فرانس کو خبردار کرتے ہوئے  کہا گیا کہ روس اور یوکرین کی جنگ میں فرانسیسی دستوں کی یوکرین میں موجودگی کا مطلب یہ ہو گا کہ ماسکو کی مسلح افواج بجا طور پر ان دستوں کو نشانہ بنائیں گی۔

صدر ماکروں کا بیان

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اس سال فروری میں، جب روسی یوکرینی جنگ کے دو سال پورے ہو گئے تھے، اپنے ایک بیان میں یہ کہہ کر ایک نئی بحث شروع کرا دی تھی کہ وہ پیرس کے مسلح دستوں کی مستقبل میں یوکرین میں تعیناتی کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے۔

اس بیان میں فرانسیسی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر روس یوکرین میں جیت گیا، تو یورپ کا قابل اعتماد ہونا کم ہو کر صفر ہوجائے گا۔

روسی تیل کی تنصیبات پر یوکرینی حملے

دو سال سے بھی زیادہ عرصے سے جاری روسی یوکرینی جنگ اب تک ہزارہا انسانی ہلاکتوں کی وجہ بن چکی ہے
دو سال سے بھی زیادہ عرصے سے جاری روسی یوکرینی جنگ اب تک ہزارہا انسانی ہلاکتوں کی وجہ بن چکی ہےتصویر: Thomas Peter/REUTERS

یوکرین اور روس کے ایک دوسرے کے انرجی انفراسٹرکچرز پر حملے

اس پس منظر میں ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا، ''صدر ماکروں کے اس بیان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اس خواہش کے ساتھ اپنے بیان کی خود ہی وضاحت بھی کر رہے ہیں کہ روس میں اسٹریٹیجک نوعیت کی بےیقینی پیدا کی جائے۔‘‘

ماریا زخارووا نے کہا، ''ہمیں انہیں (صدر ماکروں کو) ناامید کرنا ہی پڑے گا، اس لیے کہ ہمارے لیے تو صورت حال یقینی سے بھی زیادہ نظر آتی ہے۔ جنگی علاقے میں اگر فرانسیسی فوجی دکھائی دیے، تو ایسا ہو کر رہے گا کہ وہ روسی مسلح افواج کا نشانہ بنیں گے۔ ہمیں لگتا ہے کہ پیرس کے پاس اس کا ثبوت پہلے ہی سے موجود ہے۔‘‘

امریکہ نے یوکرین کو خفیہ طور پر بیلسٹک میزائل فراہم کیے

روسی صدر پوٹن کے دورہ فرانس کے موقع پر اگست دو ہزار انیس میں لی گئی صدر ماکروں کے ساتھ ایک تصویر
روسی صدر پوٹن کے دورہ فرانس کے موقع پر اگست دو ہزار انیس میں لی گئی صدر ماکروں کے ساتھ ایک تصویرتصویر: Mikhail Metzel/TASS/imago images

یوکرین میں فرانسیسی شہریوں کی ہلاکت کا روسی دعویٰ

روسی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ماسکو پہلے ہی یوکرین میں مارے جانے والے فرانسیسی شہریوں کی تعداد میں اضافے کا مشاہدہ کر رہا ہے۔

قبل ازین اسی ہفتے پیر کے دن روس نے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ وہ اپنے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کی مشق بھی کرے گا۔

یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے چین روس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، شولس

ماسکو کے مطابق جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کی یہ مشق فوجی مشقوں کے ایک سلسلے کے حصے کے طور پر کی جائے گی۔ اس حوالے سے روس کی طرف سے فرانس، برطانیہ اور امریکہ کی طرف سے لاحق خطرات کا ذکر بھی کیا جاتا ہے۔

م م / ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)

روس سے متصل یوکرینی علاقوں میں زندگی ممکن ہی نہیں رہی